ہے ’’رحمت‘‘ کا مرکز
مدینہ مدینہ
اللہ تعالیٰ سے ’’عافیت‘‘ کا سوال ہے
اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ الْعَفْوَ وَالْعَافِیَۃَ فِی الدُّنْیَا وَالْآخِرَۃِ
اَللّٰھُمَّ اسْتُرْنِی بِالْعَافِیَۃِ فِی الدُّنْیَا وَالْآخِرَۃِ
آج ’’مدینہ مدینہ ‘‘ سے ملنے والے ایک… بے حد قیمتی تحفے پر بات ہو گی… اِن شاء اللہ
آپ جانتے ہیں… دُنیا فانی ہے… مصیبتوں سے بھری ہوئی ہے… اس میں روز لوگ مرتے ہیں… اس میں روز بیماریاں نازل ہوتی ہیں… جب سورج غروب ہونے والا ہوتا ہے تو آسمان سے اَگلے چوبیس گھنٹے کے لئے… کئی اِمتحانات ، کئی مصیبتیں اور کئی اَمراض زمین پر اُتر آتے ہیں… حضرت سیدنا داؤد علیہ الصلوٰۃ والسلام سورج غروب ہوتے ہی یہ دعاء پڑھتے تھے:
اَللّٰھُمَّ یَا رَبِّ خَلِّصْنِیْ مِنْ کُلِّ مُصِیْبَۃٍ  نَزَلَتِ الَّیْلَۃَ مِنَ السَّمَائِ فِی الْاَرْضِ
یا اللہ! مجھے ہر اُس مصیبت سے بچائیے جو آج کی رات آسمان سے زمین پر اُتری ہے
اسی طرح… اُس دن کی ساری نعمتیں ، اَچھائیاں اور اِنعامات بھی نازل ہوتے ہیں… تو حضرت یہ دعاء فرماتے تھے… خصوصاً صبح پھوٹتے وقت :
اَللّٰھُمَّ اجْعَلْ لِیْ سَھْمًا فِیْ کُلِّ حَسَنَۃٍ نَزَلَتِ الَّیْلَۃَ مِنَ السَّمَائِ فِی الْاَرْضِ
یا اللہ! مجھے ہر اُس اچھائی اور خیر میں سے حصہ عطاء فرما دیجئے جو آج کی رات آسمان سے زمین پر نازل ہوئی ہے
’’مدینہ مدینہ ‘‘ نے مسلمانوں کی یہ تربیت فرمائی کہ… یہ دنیا کی زندگی نہ تو جنت ہے… نہ جہنم … چنانچہ جو لوگ اسے جنت سمجھ بیٹھتے ہیں… وہ بہت روتے ہیں… کیونکہ یہاں کی مصیبتیں اور اِمتحانات کسی کو نہیں چھوڑتے… اور جو اسے ’’جہنم ‘‘ سمجھ لیتے ہیں وہ بھی پچھتاتے ہیں… کیونکہ … یہاں بڑی بڑی نعمتیں موجود ہیں… کلمہ طیبہ… حضرت آقا مدنیﷺ … کعبہ شریف … مدینہ مدینہ… دینِ اسلام… اوربہت کچھ… بہرحال… دُنیا میں پریشانیاں اور مصیبتیں ضرور آتی ہیں… مگر ہماری خوش نصیبی کہ… ہم مسلمانوں کو … مدینہ مدینہ سے سبق ملتا ہے… روشنی ملتی ہے…چنانچہ … اَہلِ ایمان …ان مصیبتوں سے بھی وہ سب کچھ کما لیتے ہیں جو ’’ بے ایمان ‘‘ لوگ … نعمتوں سے نہیں کما سکتے
آج اِن شاء اللہ ہم ’’مدینہ مدینہ‘‘ سے ملنے والے ایک ایسے ہی تحفے پر بات کریں گے
مقدر سکندر … مدینہ مدینہ
سعادت کی چابی … مدینہ مدینہ
٭…٭…٭
دُنیا چونکہ … آخرت کی طرف سفر میں ہے… اس لئے اس میں ہر نئی چیز کچھ عرصہ بعد پُرانی ہو جاتی ہے… کالے بال سفید ہو جاتے ہیں… مضبوط دانت ٹوٹ جاتے ہیں… طاقتور ہڈیاں کمزور ہو جاتی ہیں… ہر جاندار کچھ عرصہ بعد بے جان ہو جاتا ہے… حکمران بھکاری بن جاتے ہیں… قابلِ رَشک صحت والے بیمار پڑ جاتے ہیں… تروتازہ چیزیں بھوسے کا ڈھیر بن جاتی ہیں…یہ دُنیا ایک سفر ہے… یہ مستقل ٹھکانہ نہیں ہے… جو اسے مستقل ٹھکانا سمجھتا ہے وہ بَرباد ہو جاتا ہے… اس بات کو اچھی طرح دِل میں بٹھا لیا جائے تو… زندگی اور اس کی منزلیں آسان ہو جاتی ہیں… اہلِ ایمان چونکہ… اللہ تعالیٰ کے پیارے ہیں… اس لئے ان کے لئے دنیا کی ہر مصیبت میں… کوئی اَجر، کوئی مقام ، کوئی ترقی یا کوئی نعمت ضرور چھپی ہوتی ہیں… اللہ تعالیٰ توفیق دے تو… کبھی اُن اَحادیثِ مبارکہ کو پڑھ لیں… جو ’’مدینہ مدینہ ‘‘ سے… مصیبت کے موضوع پر وارِد ہوئیں… مومن کی ہر مصیبت … چھوٹی ہو یا بڑی… حتیٰ کہ معمولی سا کانٹا جو اُسے چبھ جائے… وہ اس کے لئے گناہوں کی معافی… اور درجات کی بلندی کا ذریعہ ہے… مومن پر مصیبت تو … صرف آتی ہی اس لئے ہے کہ… وہ جب اللہ تعالیٰ سے ملے تو پاک و صاف حالت میں ملے… سبحان اللہ… جو صبر… ’’مدینہ مدینہ ‘‘ نے سکھایا… وہ ایک مومن کو چٹان بنا دیتا ہے… مگر ’’حرص و لالچ‘‘ اور بے صبری کا جو سبق… یورپ نے دنیا کو دیا… اُس نے دُنیا کو ظلم ، چوری اور بے حیائی سے بھر دیا ہے… طالبعلمی کے زمانہ میں ایک حدیث شریف پڑھی تھی… حدیث مبارک کے ساتھ… بہت بڑے درجات اور بہت عظیم مقامات والی ہستی… حضرت اُمُّ المومنین سیدہ اُمّ سلمہ رضی اللہ عنہا کا قصہ بھی تھا… بس وہ حدیث مبارک اپنے پورے یقین کے ساتھ دِل میں اُتر گئی… بچپن اور نوجوانی کے جوڑ کا زمانہ تھا… اس زمانے دِل میں جو کچھ بویا جائے وہ بہت پائیدار ہوتا ہے… حدیث مبارک کا مفہوم یہ تھا کہ… جس مسلمان پر کوئی مصیبت آئے، وہ انا للہ وانا الیہ راجعون پڑھے … اور یہ دعاء پڑھ لے
اَللّٰھُمَّ اْجُرْنِیْ فِیْ مُصِیْبَتِیْ وَ اَخْلِفْ لِیْ خَیْرًا مِّنْھَا
تو اللہ تعالیٰ اُسے دو چیزیں عطاء فرماتے ہیں… پہلی یہ کہ اُسے اُس مصیبت پر اَجر عطاء فرماتے ہیں… اور دوسری یہ کہ اُسے اُس کے بدلے میں اُس سے بہتر نعمت عطاء فرما دیتے ہیں
یہ حدیث شریف کئی کتابوں میں… سند صحیح کے ساتھ مختلف واقعات کے تناظر میں موجود ہے…حدیث شریف کی راویہ…فہم و فراست میں عظیم مقام رکھنے والی اُم المومنین سیدہ اُم سلمہ رضی اللہ عنہا ہیں… بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ… انہوں نے یہ حدیث شریف اپنے خاوند… حضرت سیدنا ابو سلمہ رضی اللہ عنہ سے سنی… مجاہد، مہاجر با مقام صحابی… حضرت سیدنا ابو سلمہ رضی اللہ عنہ… بدر میں شریک ہو کر ’’ بدری ‘‘ بنے… اُحد میں شریک ہو کر… زخمی بنے… اور پھر یہ زخم اُن کی وَفات و شہادت کا پیغام بنے… اور ۳؁ ہجری میں آپ اپنے رب تعالیٰ سے اِنعامات پانے چلے گئے… اُنہوں نے ایک بار گھر آ کر… اپنی اہلیہ حضرت سیدہ اُم سلمہ رضی اللہ عنہا کو بتایا کہ… آج حضرت آقا مدنی ﷺ سے ایسی بات سن کر آیا ہوں… جس نے مجھے بہت خوشی دی ہے… پھر یہی حدیثِ مبارک اور دُعاء سنائی… اہلیہ محترم نے فوراً یاد کر لی… وہ حضرت آقا مدنی ﷺ کے کسی فرمان سے اَدنیٰ غفلت بھی نہیں کرتے تھے… ۳؁ ہجری میں حضرت سیدنا ابوسلمہ رضی اللہ عنہ کی وفات ہوئی تو… حضرت سیدہ اُم سلمہ رضی اللہ عنہا نے دُعاء پڑھ لی… یقین اُن کو پورا تھا… مگر حیران تھیں کہ… ابو سلمہ سے بہتر کون ہو سکتا ہے؟ …عدت گذری تو… حضرت صدیق اکبررضی اللہ عنہ کا پیغامِ نکاح آیا… معذرت کر لی… حضرت فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ کا پیغامِ نکاح آیا… معذرت کر لی … اور پھر سعادتوں اور رحمتوں کی برسات برسی… حضرت آقا مدنیﷺ سے نکاح ہوا… اور آپ اس عظیم اُمت کی ’’ماں ‘‘ بن گئیں… ’’مدینہ مدینہ ‘‘ سے ملنے والے اِنعامات کا اندازہ لگائیں…ایک مصیبت کو… اتنی عظیم نعمت میں بدلنے والی دُعاء سکھائی گئی ہے… بے شک وہاں سے ملنے والی ہر دُعاء ایسی ہی ہے… وہاں سے ملنے والی ہر ہدایت ایسی ہی ہے… مگر افسوس کہ…ہم فیض نہیں پاتے… ہم فائدہ نہیں اُٹھاتے… ہم پتھروں میں قسمت ڈھونڈتے پھرتے ہیں… جبکہ اصل موتیوں سے غافل ہیں
ہے رحمت ہی رحمت … مدینہ مدینہ
سعادت کی بارش … مدینہ مدینہ
٭…٭…٭
یہ حدیثِ مبارک اور قصہ پڑھا تو دِل میں شوق ہوا کہ… کب اس پر عمل کا موقع ملے گا… نوجوانی میں نادانی غالب ہوتی ہے… حالانکہ مصیبت کی تمنا نہیں کرنی چاہیے… کیونکہ اگر پھر انسان اس پر صبر نہ کر سکے تو… ڈبل نقصان ہو جاتا ہے… بے صبری اللہ تعالیٰ کو پسند نہیں ہے… جمعہ کا دن تھا… جمعہ کی تیاری میں عطر کی شیشی اُٹھائی… وہ ہاتھ سے گری اور ٹوٹ گئی… فوراً یہ دُعاء پڑھ لی… اللہ تعالیٰ نے اِحسان فرمایا کہ بڑی مصیبت نہیں آئی… ابتداء عطر کی شیشی سے ہوئی… اُسی دن عصر کے بعد ایک دوست آئے… مجھے ایک تھیلی دی کہ آپ کے لئے لایا ہوں… کھولا تو اس میں عطر کی آٹھ شیشیاں تھیں… اور سارے عطر… نقصان والے عطر سے زیادہ قیمتی تھے… دُعاء کی قبولیت پر دِل خوشی سے دیوانہ ہو گیا… بس پھر کیا تھا… ہر ملنے والے کو وہ دُعاء سکھائی… یاد کرائی… کچھ عرصہ بعد… اَفریقہ کا ایک سفر تھا… کچھ معروف صحافی حضرات بھی ساتھ تھے… نیروبی میں اس زمانے ’’چوری‘‘ بہت ہوتی تھی… اور پوری سینہ زوری سے ہوتی تھی… ہم ایک گاڑی میں بیٹھے تھے… ایک محترم صحافی کا ہاتھ گاڑی سے باہر ہوا تو… ایک چور نے جھپٹ کر… مہارت سے اُن کی قیمتی گھڑی کاٹ لی… اور لے اُڑا… وہ کچھ غمگین ہوئے تو ان کو یہ مبارک دُعاء پڑھوائی… ساتھ اُمّ المؤمنین کا قصہ بھی سنایا… اِسی سفر میں واپسی پر جیسے ہی وہ جدہ پہنچے… انہیں ایک دوست نے بہت قیمتی گھڑی ہدیہ کر دی… وہ بھی ’’مدینہ مدینہ ‘‘ کے اس تحفے کی خوشی میں سرشار ہو گئے اور واپسی پر… اس دُعاء کی فضیلت میں ایک کالم لکھا… الحمد للہ رب العالمین
مدینہ کی باتیں … مدینہ کے تحفے
بڑے کام کے ہیں … بڑے ہی نِرالے
جو اَپنائے ان کو … وہ بے تاب بولے
مدینہ مدینہ … مدینہ مدینہ
٭…٭…٭
مومن پر مصیبت آتی ہے تو یہ اس کے لئے… کچھ خاص پانے اور کچھ خاص کمانے کا وقت ہوتا ہے… مصیبت سے آپ کی شخصیت کی تعمیر ہوتی ہے… کبھی غور کریں… ہر مصیبت کے بعد… آپ کو کیا کیا ملا؟… اب شیطان اور نفس کہاں غافل بیٹھنے والے ہیں وہ مصیبت کے وقت… مومن پر حملہ کر دیتے ہیں … تاکہ وہ اپنی مصیبت کا اَجر… اور مقام نہ کما سکے… وہ لوگوں میں اپنی مصیبت کے دُکھ روئے… وہ بے صبری کرے… وہ نعوذ باللہ اللہ تعالیٰ پر باتیں بنائے… وہ مایوس ہو کر گر جائے… یوں اس کی ’’مصیبت ‘‘ …واقعی اس کے لئے ’’حقیقی مصیبت ‘‘ …اور ’’معصیت ‘‘ بن جائے
اس لئے ضروری ہے کہ… ہم تمام مسلمان… صبر کی صفت کو اَپنائیں… اور مصیبت کے وقت… اس مبارک مدنی تحفے کو یقین ، محبت اور اِہتمام کے ساتھ اَدا کریں
اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ … اَللّٰھُمَّ اْجُرْنِیْ فِیْ مُصِیْبَتِیْ وَ اَخْلِفْ لِیْ خَیْرًا مِّنْھَا
یا اللہ! مجھے میری اِس مصیبت پر اَجر عطاء فرمائیے … اور مجھے اس کے بدلے میں بہتر چیز عطاء فرما دیجئے … مکمل روایت دیکھنی ہو تو… صحیح مسلم، ابوداؤد ، ترمذی اور مسندِ احمد میں موجود ہے… ابھی چند دن پہلے… پھر اللہ تعالیٰ نے اس مبارک دُعاء کا عجیب فیض عطاء فرمایا… ایک نقصان آیا… دِل تھوڑا پریشان ہوا… مگر اللہ تعالیٰ نے فضل فرمایا… فوراً یہ دعاء سات بار پڑھ لی…اور عزم کر لیا کہ… کسی کے سامنے شکوہ نہیں رونا … بس دو چار دن بعد… ایسی تلافی ہوئی کہ… پھر شکر ہی شکر تھا الحمد للہ
تب خیال آیا کہ… کافی عرصہ سے اس مبارک مدنی تحفے کی… دعوت کیوں بند کر رکھی ہے؟ … اب لوگوں سے ملنا جلنا تو ہوتا نہیں… تحریر کے ذریعہ آپ سب تک اس دُعاء کی یاد دِہانی عرض کر رہا ہوں… آپ میں سے اکثر کو یہ دُعاء پہلے سے یاد ہو گی… حضرت اُمُّ المومنین رضی اللہ عنہا کا قصہ بھی معلوم ہو گا… بس دوبارہ یقین اور عمل کی تازگی کر لیجئے… اور جن کو یہ دُعاء یاد نہیں ہے وہ اسے یاد کر لیں… اور مسنون دُعاؤں …اور صلوٰۃ الحاجۃ سے اپنے دیگر مسائل کا حل بھی تلاش کیا کریں… یہ وہ ترقی، نعمت اور ٹیکنالوجی ہے… جو صرف مسلمانوں کے پاس موجود ہے… اور یہ ’’بے مثال ‘‘ ہے ’’لاجواب ‘‘ ہے
مصیبت کو نعمت بنانے کا مرکز
مدینہ مدینہ … مدینہ مدینہ
لا الہ الا اللّٰہ، لا الہ الا اللّٰہ ،لا الہ الا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ
اللہم صل علی سیدنا محمد وآلہ وصحبہ وبارک وسلم تسلیما کثیرا کثیرا
لا الہ الا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ