مفید اور قیمتی تحفے
رنگ و نور ۔۔۔سعدی کے قلم سے (شمارہ 662 )
اللہ تعالیٰ کا شکر کہ ہمیں ’’اسلام ‘‘ کی نعمت عطاء فرمائی… سب سے بڑی نعمت… سب سے قیمتی نعمت… سب سے ضروری نعمت… آئیے ایمان تازہ کرتے ہیں
لا الہ الا اللّٰہ،لا الہ الا اللّٰہ،لا الہ الا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ
ٹرمپ اس نعمت سے محروم…مودی محروم… بل گیٹس محروم…مارک زگربرگ محروم… ہائے بے چارے، مسکین… یا اللہ… آپ کا شکر… الحمد للہ رب العالمین… کوئی فخر نہیں… کوئی غرور نہیں… یا اللہ ہمیں اس نعمت کے لائق بنا… اور اسی پر ہمیں موت عطاء فرما
آج کی مجلس کا خلاصہ
آج کچھ باتیں دنیا کے حالات پر ہوں گے ان شاء اللہ… مثلاً علماء کرام کے خلاف ایک بھیانک سازش… اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کی گونج… ایران کی بوکھلاہٹ… اور پانچ وظیفے عرض کئے جائیں گے چار حضرت قطب الاقطاب خواجہ عثمان ہارونی کے… اور ایک حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر کا… یعنی رنگ اور نور ساتھ ساتھ چلیں گے… اللہ تعالیٰ میرے اور آپ کے لئے نافع بنائے
قیمتی تحفہ
عبادات میں سے جو عبادت اللہ تعالیٰ کو بہت پسند ہے وہ ہے ’’شکر‘‘ …افسوس کہ شکرگذار بندے تھوڑے ہوتے ہیں… اللہ تعالیٰ ہمیں ’’شکر گذار‘‘ بنائے… شکر ادا کرنے سے نعمت بڑھتی ہے… یہ اللہ تعالیٰ کا پکا وعدہ ہے… حضرت عثمان ہارونی رحمہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں
’’مال کا شکر ادا کرنا ’’صدقہ‘‘ دینا ہے… اور اسلام کا شکریہ ’’الحمد للہ رب العالمین‘‘ کہنا ہے جو شخص ’’ الحمد للہ رب العالمین ‘‘ کہتا ہے وہ اسلام کا شکریہ بجا لاتا ہے اور جو شخص زکوٰۃ اور صدقہ دیتا ہے وہ مال کا حق ادا کرتا ہے ‘‘  ( انیس الارواح ص۳۳(
بڑا زبردست تحفہ مل گیا… الحمد للہ رب العالمین… نعمت اسلام کا شکر ادا کرنے کا طریقہ معلوم ہو گیا…الحمد للہ رب العالمین… حضرت خواجہ عثمان ہارونی کے وصال کو آٹھ سو سال گزرنے والے ہیں… آٹھ سو سال گذرنے کے بعد بھی ان کے فیوض و برکات جاری ہیں… جب سے ان کی یہ عبارت پڑھی ہے… اب ’’الحمد للہ رب العالمین‘‘ کہنے میں الگ طرح کا مزہ آ رہا ہے… اور جب زبان پر ’’ الحمد للہ رب العالمین‘‘ جاری ہوتا ہے تو ایک سو کا عدد پورا کئے بغیر چین نہیں آتا… اور حدیث شریف کے مطابق ایک سو بار ’’ الحمد للہ رب العالمین‘‘  کہنے سے ’’تیس ہزار‘‘ پکی نیکیاں نامہ اعمال کے اکاؤنٹ میں جمع ہو جاتی ہیں… اور ذہن اس نکتے کی طرف بھی جاتا ہے کہ… اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کی پہلی آیت میں… ہمیں ’’نعمت اسلام‘‘ کا شکر ادا کرنے کا طریقہ سکھا دیا ہے … الحمد للہ رب العالمین…یہ چونکہ قرآن مجید کی آیت بھی ہے تو اس کے ہر حرف کے بدلے دس نیکیاں الگ…  الحمد للہ رب العالمین…اور مال کی نعمت کا شکر صدقہ ہے… معلوم ہوا کہ جب بھی کچھ مال ملے… تھوڑا ہو یا زیادہ تو پہلے ’’صدقہ‘‘ نکال کر… اس مال کا شکر ادا کیا جائے …اب فائدہ یہ ہو گا کہ جس نعمت کا شکر ادا کر دیا جائے… اس نعمت کا آخرت میں حساب نہیں ہو گا… اور دوسرا فائدہ یہ کہ مال خوب بڑھے گا… اور صدقہ کے جو بے شمار فوائد ہیں… وہ الگ ملیں گے
علماء کرام کے خلاف ایک سازش
افغانستان کی کٹھ پتلی حکومت نے… ایک کمیشن بنایا ہے… اس میں کچھ نام کے مولوی حضرات جمع کئے ہیں… ان امریکہ نواز دانشوروں نے ایک فتویٰ جاری کیا ہے کہ… افغانستان کی جنگ… ’’شرعی جہاد‘‘ نہیں ہے… اور ’’فدائی حملے‘‘ اسلام کی رو سے حرام ہیں… ان دانشوروں کو چونکہ امریکہ کی ’’ڈالرانہ حمایت ‘‘ حاصل ہے… اس لئے وہ کرائے بھاڑے کی فکر سے بے نیاز دنیا بھر میں اُڑتے پھرتے ہیں… کبھی جکارتہ، کبھی جدہ  اور کبھی اسلام آباد… اس کمیشن کے افراد پاکستانی علماء کرام سے بھی رابطہ کر رہے ہیں تاکہ اپنے ’’مجرمانہ جاہلانہ فتوے‘‘ پر ان کے دستخط کرا سکیں… افغانستان کے جہاد میں اب تک دو ملین سے زیادہ مسلمان شہید ہو چکے ہیں… اور افغانستان کے جہاد کی مکمل قیادت اب بھی ’’علماء کرام ‘‘ کے ہاتھوں میں ہے… اگر افغانستان کا یہ جہاد نہ ہوتا تو پاکستان بھی اب تک… تاریخ کا حصہ بن چکا ہوتا …اور دنیا کا نقشہ آج سے یکسر مختلف ہوتا… افغان جہاد روئے زمین پر اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے… افسوس کہ آج اس نعمت کو مٹانے کے لئے… ’’عالم کفر‘‘ علماء کرام کو استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے… پاکستان کے علماء کرام کو چاہیے کہ… اس مجرمانہ سازش کا حصہ نہ بنیں… اور پہلے سے بڑھ کر… افغانستان ، کشمیر اور فلسطین کے جہاد کی حمایت جاری رکھیں… جہاد فی سبیل اللہ ایک محکم اسلامی فریضہ ہے حضرت خواجہ عثمان ہارونی ؒ نے… کلمہ طیبہ کے بعد جہاد فی سبیل اللہ بمعنیٰ قتال فی سبیل اللہ کا تذکرہ فرمایا ہے… اور ساتھ بہت واضح الفاظ میں لکھا ہے کہ… فرض کا منکر کافر ہو جاتا ہے… اور جہنم اس کا مقدر بن جاتی ہے… فائیواسٹار ہوٹلوں کی چمک دمک… جہازوں کے فرسٹ کلاس ٹکٹ… اور ملکوں کی سیاحت… یہ گھٹیا اور معمولی چیزیں اس قابل نہیں ہیں کہ… ان کے عوض اپنے ایمان کو خطرے میں ڈالا جائے… افغان جہاد کی آج بھی قیادت جس فرد کے ہاتھ میں ہے وہ… راسخ العلم شیخ الحدیث ہیں… یہ جہاد کرامتوں والا جہاد ہے… اور اس کی مخالفت میں سوائے خسارے اورخسران کے اورکچھ بھی نہیں ہے…اگر کوئی اس میں شریک نہیں ہو سکتا تو کم از کم درجہ یہ ہے کہ…اس کی زبانی حمایت کرے…اور اس کی مخالفت  سے اپنا دامن پاک رکھے
دنیا و آخرت میں کامیابی کا مؤثر اور طاقتور عمل
حضرت خواجہ عثمان ہارونی رحمہ اللہ تعالیٰ بڑے اونچے درجے کے بزرگ، ولی اور عالم دین گذرے ہیں… آپ حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کے شیخ ہیں… آپ کی قبر مبارک مکہ مکرمہ میں ہے… سندھ کے سیہون شریف والے خواجہ عثمان ایک دوسرے بزرگ ہیں… اُن کا اسم گرامی حضرت خواجہ عثمان مروندی ہے اور آپ ’’شہباز قلندر‘‘ کے نام سے معروف ہیں… اہل سنت اور اہل طریقت کے ان دونوں بزرگوں کا زمانہ قریب قریب کا ہے…مگر حضرت خواجہ عثمان ہارونی رحمہ اللہ تعالیٰ عمر میں خواجہ عثمان مروندی سے بڑے ہیں… اُن کے ملفوظات اُن کے مرید، خلیفہ اور جانشین سلطان الہند غریب نواز حضرت خواجہ معین الدین چشتی رحمہ اللہ تعالیٰ نے ’’ انیس الارواح ‘‘ کے نام سے جمع فرمائے ہیں… ان ملفوظات میں یہ وظیفہ بھی درج ہے
’’ جو شخص دن رات میں ہر نماز کے بعد سورہ یٰس ایک بار…آیۃ الکرسی ایک بار اور سورہ اخلاص تین بار پڑھے تو اللہ تعالیٰ اس کے مال اور اس کی عمر کو زیادہ کرتا ہے اور اس کو قیامت کے میزان اور پل صراط کے حساب میں آسانی ہوتی ہے…( انیس الارواح ص۴۲(
دن رات میںپانچ بار سورۃ یٰس اور سورۃ اخلاص کے عجیب و غریب فوائد اہل دل سے مخفی نہیں ہیں
اقوام متحدہ میں
اس سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں… پاکستانی وزیر خارجہ کی تقریر قابل ستائش تھی… ہم جہاں حکومت کے غلط اقدامات کی مذمت کرتے رہتے ہیں وہاں ہمیں…حکومت کے اچھے اقدامات کی تعریف بھی کرنی چاہیے … اپنے خطاب میں ناموس رسالت کا بھرپور تذکرہ … مسئلہ کشمیر کی پر زور وکالت… اور مسئلہ فلسطین کی حمایت پر… حکومت پاکستان ’’شکریہ‘‘ کی مستحق ہے… اقوام متحدہ اگرچہ مسلمانوں کے مسائل اور ان کی آواز کو کوئی اہمیت نہیں دیتی… اور خود اپنے فیصلوں میں بھی انصاف نہیں کر پاتی مگر پھر بھی… وہاں اچھی باتوں کا تذکرہ ایک غنیمت ہے
اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر کئی قراردادیں اور رپورٹیں موجود ہیں… مگر ابھی تک ان میں سے کسی پر عمل نہیںہوا… اور نہ ہی اقوام متحدہ نے ان قراردادوں پر عمل نہ کرنے کی پاداش میں بھارت پر کوئی پابندی لگائی ہے… لیکن یہی اقوام متحدہ… اگر کسی اسلامی تنظیم یا شخصیت کو دہشت گرد قرار دے دے تو پھر… مکمل دباؤ ڈال کر اپنے فیصلے پر عمل کراتی ہے…معلوم ہوا کہ… کانی، بہری اور بے انصاف ہے
ایک نورانی عمل
حضرت شیخ عثمان ہارونی رحمہ اللہ تعالیٰ ایک مجلس میں جنت کی عظیم الشان اور غیر فانی نعمتوں کا تذکرہ فرماتے ہیں اس کے بعد ارشاد فرماتے ہیں:
’’جو شخص ان نعمتوں کو حاصل کرنا چاہے وہ جمعہ کے دن فجر کی نماز کے بعد سو بار سورہ اخلاص پڑھے اور ہمیشہ پڑھے… اس پر نعمتیں زیادہ ہوتی ہیں‘‘ ( انیس الارواح ص۳۱(
یعنی اصل تو آخرت کی نعمتیں ملیں گی… ساتھ دنیا کی نعمتیں بھی اس پر زیادہ برسیں گی…کتاب کے آغاز میں حضرت عثمان ہارونی یہ فرما چکے ہیں کہ ہر وظیفہ صرف اسی کو فائدہ دیتا ہے جو پانچ وقت فرض نماز کا پابند ہو
ایران کی بوکھلاہٹ
ایران دنیا کا واحد ملک ہے جو… کھلم کھلا دوسرے ممالک میں عسکری مداخلت کرتاہے اور سرکاری سطح پر… دوسرے ممالک میں اپنے جنگی رضاکار اور فوجی جرنل بھیجتا ہے… یہ عمل اگر کسی اور ملک نے کیا ہوتا تو… دنیا کی بڑی کفریہ طاقتیں اس پر متحدہ حملہ کر دیتیں… مگر ایران چونکہ ’’عالم کفر‘‘ کو محبوب ہے اس لئے وہ شام میں لڑے یا عراق میں… یمن میں دہشت گرد بھیجے یا لبنان میں… اسے کھلی چھوٹ حاصل ہے… ایران کے ان مظالم کے بدلے میں…چند دن پہلے ایران کے اندر ایک فوجی پریڈ پر حملہ ہوا تو اب ایران بری طرح سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے…اس نے شامی مسلمانوں پر اپنے میزائلوں کی آندھی مچا رکھی ہے… کوئی ہے جو نام نہاد عالمی قوانین کے تحت… ایران کو اس کے ان ظالمانہ اقدامات سے روک دے
چھوٹے بچوں کا رونا
حضرت خواجہ عثمان ہارونی نور اللہ مرقدہ فرماتے ہیں کہ چھوٹا بچہ تب روتا ہے جب شیطان اس کو ستاتا ہے… اس لئے جب بچہ روئے تو تم
لاحول ولاقوۃ الا باللّٰہ العلی العظیم
پڑھا کرو… تاکہ تمہیں خوشخبری ہو اور بچہ رونے سے باز آ جائے… یہ چار وظائف … حضرت شیخ عثمان ہارونی کے مکمل ہوئے… اب حضرت بابا فرید ؒ کا ایک مجرب وظیفہ
غربت اور تنگدستی کا علاج
حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر رحمہ اللہ تعالیٰ کے پاس جب بھی کوئی شخص دینی یا دنیاوی مشکل لے کر آتا تو آپ اسے کتاب و سنت کی طرف رجوع کرنے کی دعوت دیتے… عام طور پر صبر کی تلقین فرماتے اور نماز پڑھنے کی تاکید کرتے …ایک روز ایک شخص نے حاضر ہو کر عرض کی کہ… حضرت!میں بے حد تنگ دست ہوں… گھر میں عام طور پر فاقوں کی نوبت آ جاتی ہے… آپ نے اس کے لئے دعاء فرمائی اور اسے ہدایت کی کہ ہر رات کو سونے سے پہلے سورہ جمعہ پڑھ لیا کرے
لا الہ الا اللّٰہ، لا الہ الا اللّٰہ ،لا الہ الا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ
اللہم صل علی سیدنا محمد والہ وصحبہ وبارک وسلم تسلیما کثیرا کثیرا
لا الہ الا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ
٭…٭…٭