سدا مسکرائے مدینہ مدینہ
اللہ تعالیٰ ہماری طرف سے… حضرت محمدﷺ کو… اپنی شان اور اُن کے مقام کے
مطابق… جزائے خیر عطاء فرمائیں…
جَزَی اللّٰہُ عَنَّا مُحَمَّداًﷺ بِمَا ھُوَ اَھْلُہُ
سبحان اللہ! کیسی شاندار دعاء ہے… حضرت آقا مدنیﷺ کے اِحسانات کو یاد
کرکے یہ دعاء پڑھی جائے تو دل ہی نہیں بھرتا… دل چاہتا ہے کہ جھوم جھوم کر پڑھتے چلیں
جائیں…
جَزَی اللّٰہُ عَنَّا مُحَمَّداًﷺ بِمَا ھُوَ اَھْلُہُ
ایک محدث گزرے ہیں ابو الفضل القوسانی… اُن کا واقعہ حضرت شیخ سخاویؒ
نے لکھا ہے کہ اُن کی خدمت میں آکر ایک شخص نے کہا… میں ’’مدینہ مدینہ‘‘ میں… مسجد
نبوی شریف میں تھا… خواب میں حضرت آقا مدنیﷺ کی زیارت ہوئی… حکم فرمایا کہ جب واپس
جانا تو ابو الفضل کو ہمارا سلام کہنا… وہ ہم پر روزانہ ایک سو بار درود شریف بھیجتے
ہیں…
اُس شخص نے واپس آکر… شیخ ابو الفضل کو ڈھونڈا اور سلام پہنچایا… اور
اِصرار سے پوچھا کہ آپ کو نسا درود شریف پڑھتے ہیں؟… اِصرار کی وجہ شاید یہ ہو کہ…
ایک سو بار تو کوئی بڑا عدد نہیں ہے… صلوٰۃ وسلام کے حوضِ کوثر سے تو… اہلِ دل روزانہ
ہزاروں لاکھوں جام بھرتے ہیں… کوئی ہزار بار پڑھتا ہے تو کوئی دس ہزار بار… اور کوئی
لا تعداد بار… پھر ایک سو بار پر اتنا اِکرام کیسے؟… شیخ نے بتایا کہ میں یہ درود شریف
پڑھتا ہوں… روزانہ ایک سو یا زیادہ بار…
اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ النَّبِیِّ الْاُمِّیِّ وَ عَلٰی آلِ
مُحَمَّدٍ جَزَی اللّٰہُ مُحَمَّداًﷺ عَنَّا مَا ھُوَ اَھْلُہُ
شیخ کو شبہ ہوا کہ… کہیں یہ شخص یہ ساری بات اپنی طرف سے نہ بنا رہا ہو…
اللہ تعالیٰ معاف فرمائے… اِنسان کا اگر دِل بگڑ جائے… نصیب خراب ہوجائے تو وہ… حضرت
آقا مدنیﷺ پر بھی جھوٹ بول دیتا ہے… حالانکہ بظاہر ایسا نہیں لگتا کہ کوئی گناہگار
سے گناہگار مسلمان بھی… ایسے عظیم جُرم اور ایسے سنگین گناہ کا ارتکاب کرسکتا ہے… جھوٹ
اور وہ بھی… حضرت سیدالانبیاء والمرسلین صلی اللہ علیہ وسلم پر… مگر شیطان کے پھندے
بہت سخت ہیں… اور جہنم کی کشش بہت زیادہ ہے… یہ امریکہ، یورپ اور بمبئی کی روشنیاں…
یہ فیشن کے لشکارے… یہ مال کے انبار… یہ سب جہنم کی کشش ہیں… بس اسی میں پھنس کر لوگ…
ایسے خطرناک گناہ بھی کر بیٹھتے ہیں… یااللہ! آپ کی پناہ… شیخ نے اُس شخص کو کافی
بڑا ہدیہ پیش کیا تو اس نے فوراً واپس کردیا اور کہا کہ… میں آپﷺ کے پیغامِ مبارک
کو دُنیا کے بدلے نہیں بیچ سکتا… یہ کہہ کر وہ فوراً رُخصت ہوگیا… اور آئندہ کبھی
نظر نہیں آیا…
جَزَی اللّٰہُ عَنَّا مُحَمَّداًﷺ بِمَا ھُوَ اَھْلُہُ
یہ واقعی بہت اونچی دعاء ہے… عظیم رب سے اُن کے عظیم بندے کے لئے دعاء…
اور درمیان میں صلوٰۃ وسلام… اور جامع اَلفاظ…
ہاں ایک بات یاد رکھیں… اس طرح کی روایات اور دعائوں میں اَلفاظ کا تھوڑا
بہت فرق نقصان دِہ نہیں ہے… اور نہ ہی محلِ بحث ہے…
اگر آپ کو عربی سے اچھی واقفیت ہے تو پھر… آپ خود ہی بہتر ترین کا اِنتخاب
کرسکتے ہیں… اور اگر عربی سے محرومی ہے تو …کسی اہل علم سے مشورہ کرلیں… اس دعاء میں
بعض جگہ بِمَا ھُوَ اَھْلُہُ… لکھا ملتا ہے اور بعض جگہ مَا ھُوَ اَھْلُہُ… دونوں ٹھیک
ہیں… بعض جگہ ’’عَنَّا‘‘ کا لفظ پہلے ہے اور بعض جگہ بعد میں… یہ بھی دونوںٹھیک ہیں…
پہلے لگائیں تو اچھا ہے… بعض لوگ ’’مُحَمَّداً‘‘ پڑھتے ہیں… اور بعض ’’سَیِّدَنَا مُحَمَّداً‘‘…
یہ بھی دونوں ٹھیک ہیں روایت میں ’’سیدنا‘‘ کا لفظ موجود نہیں ہے… اگر کوئی ادب کے
لئے بڑھاتا ہے تو بڑھا سکتا ہے… لیکن وہ اُن لوگوں کو بے ادب قرار نہ دے جو ’’سیدنا‘‘
کا لفظ نہیں بڑھاتے… کیونکہ درود شریف کے اَصل ترین الفاظ… جن پر سارے علماء اور ساری
اُمت کا اتفاق ہے وہ یہ ہیں…
اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّ عَلٰی آلِ مُحَمَّدٍ
ان الفاظ میں… ’’سیدنا‘‘ مذکور نہیں ہے… البتہ ’’سیدنا‘‘ کا اضافہ اکثر
اہل علم کے نزدیک جائز ہے… پس جو لوگ حضرت آقا مدنیﷺ کے سکھائے ہوئے اَلفاظ کی جوں
کی توں پیروی کریں تو یہ بھی بہت اچھا …اور اگر ادب کے الفاظ بڑھائیں… تو یہ بھی بہت
اچھا… ہاں نماز کے قعدۂ اخیرہ میں… جو درود شریف پڑھا جاتا ہے اس میں ’’سیدنا‘‘ کے
الفاظ نہ بڑھائے جائیں تو بہت بہتر ہے… کیونکہ وہاں نماز کا معاملہ ہے… اور نماز میں
وہی الفاظ اَدا کرنے چاہئیں جو حضرت آقا مدنیﷺ نے سکھائے ہیں:
اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّ عَلٰی آلِ مُحَمَّدٍ الیٰ آخرہ
ایک بہت ضروری بات یاد رکھیں… ہم اپنے آقا اور نبی حضرت محمدﷺ سے جس
قدر قلبی طور پر قریب ہوتے جائیں گے… اسی قدر ہمارا ایمان بلند، مضبوط اور محفوظ ہوتا
چلا جائے گا… ہم جب حضرت آقا مدنیﷺ کے قریب ہوں گے تو ہمیں ہر قدم پر آپﷺ کے اِحسانات
یاد آئیں گے… ہاں بے شک ہر قدم پر… ابھی دو دن پہلے کسی نے انڈیا کی خبر بھیجی کہ
وہاں ہندو مشرک… آج کل اپنے دیوی دیوتائوں کو… گرم کپڑے بھینٹ کررہے ہیں… بے جان بتوں
کو جیکٹس، جرسیاں، سویٹر اور کمبل اوڑھا رہے ہیں… اور بتا رہے ہیں کہ… جس طرح ہمیں
سردی لگتی ہے اسی طرح ہمارے بھگوانوں کو بھی لگتی ہے… کیسی جہالت ہے اور کیسا اندھیر…
حضرت آقا مدنیﷺ پر میری جان اورمیرے ماں باپ قربان آپﷺ نے ہمیں… پاکیزہ، فطری، حقیقی
دین پہنچایا… اور ہمیں ہمارے رب تعالیٰ کا راستہ دکھایا…
قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ اَللّٰہُ الصَّمَدُ لَمْ یَلِدْ وَ لَمْ یُوْلَدْ
وَ لَمْ یَکُنْ لَّہُ کُفُوًا اَحَدٌ
لَیْسَ کَمِثْلِہِ شَیْئٌ وَ ھُوَ السَّمِیْعُ الْبَصِیْرُ
جب ہم قرآن مجید کی تلاوت میں گم ہوتے ہیں تب بھی حضرت آقا مدنیﷺ کا
اِحسان یاد آتا ہے کہ… یہ عظیم الشان اور زندہ معجزات سے بھرا ہوا کلام ہم تک… انہوں
نے پہنچایا… آج دراصل ہم مسلمانوں میں… عشقِ محمدﷺ اور…عشقِ مصطفیﷺ کا چرچا تو بہت
ہے… مگر ہمارا دِل ابھی تک… اس عظیم، سچی اور پیاری محبت میں… پوری طرح پھنسا نہیں
ہے…ہم حضرت آقا مدنیﷺ سے بہت دور دور ہیں… اسی وجہ سے ہم کامیابیوں اور ترقیوں سے
بھی بہت دور ہیں… اور ایمان کی حقیقی حلاوت سے بھی اکثر محروم ہیں…
جَزَی اللّٰہُ عَنَّا مُحَمَّداًﷺ بِمَا ھُوَ اَھْلُہُ
آج ہمارے قارئین کو انتظار ہوگا کہ… مشرقِ وسطیٰ میں بظاہر جنگ کے شعلے
بھڑکنے کو ہیں… آتش کدہ فارس کا ایک بڑا بُت گر گیا ہے… تو آج اس پر کچھ تبصرہ کیا
جائے گا… جبکہ ہم ایک ’’سازِ محبت‘‘ میں گم چلے جارہے ہیں… اور وہ ہے:
جَزَی اللّٰہُ عَنَّا مُحَمَّداًﷺ بِمَا ھُوَ اَھْلُہُ
بات یہ ہے کہ… مشرقِ وسطیٰ میں مسلمانوں پر تو جنگ کے شعلے سالہا سال
سے بھڑک رہے ہیں… لاکھوں مسلمان صرف مسلمان ہونے کی پاداش میں … عراق، شام، یمن، لبنان
اور فلسطین میں شہید ہوچکے ہیں… اور ہر آئے دن ہو رہے ہیں… ان شہداء میں سے کچھ کو
اسرائیل نے… کچھ کو امریکہ نے… اور زیادہ کو ایران نے قتل کیا… ایران دنیا کا وہ واحد
ملک ہے جو دوسرے ممالک میں کھلم کھلا اِعلانیہ عسکری مداخلت کرتا ہے… اور دو ٹوک اَلفاظ
میں… اس کا اعتراف کرتا ہے… وہ کسی جگہ اپنی ہم خیال حکومت کی مدد کرتا ہے تو دوسری
جگہ اپنے ہم خیال باغیوں کو اسلحہ اور طاقت فراہم کرتا ہے… شام میں بشار، یمن میں حوثی…
لبنان میں حزب اللہ… اس کے اتحادی… جبکہ عراق کو تو وہ گویا کہ ایران کا ایک داخلی
صوبہ مانتا ہے… بڑے بڑے جلسوں اور دیواروں پر… مرگ بر امریکہ کے نعرے… جبکہ زمین پر
امریکی فورسز کے شانہ بشانہ… افغانستان سے لے کر عراق تک… مسلمانوں کا بہیمانہ قتلِ
عام… کشمیر کے معاملہ پر کبھی کبھار کشمیری مسلمانوں کی پھیکی سی تائید… مگر انڈیا
کے لئے تن من سب کچھ ہمہ وقت حاضر… ظاہری طور پر بنیاد پرست حکومت… مگر یورپی ممالک
سے گہری رشتہ داری… کیونکہ قائدِ انقلاب… کی پناہ گاہ اور روانگاہ بھی یورپ رہا… سیاسی
معاملات ایک طرف… عراق میں جو ظلم ایرانی جنرل سلیمانی نے… وہاں کے مسلمانوں پر کیا…
وہ اس قدر لرزہ خیز اور ہولناک ہے کہ… تاتاری بھی سنیں تو سر شرم سے جھکالیں… امریکہ
اور ایران کے درمیان… یہ تعلق کہ… ظاہر میں دشمنی اور اندر سے اتحاد… اوپر سے ایک دوسرے
پر بھونکنا مگر کبھی کاٹی نہ کرنا… یہ طویل عرصہ سے جاری ہے… امریکہ نے ہی عراق کو…
صدام حسین شہید سے چھین کر… ایران کی گود میں ڈال دیا… اُبامہ کے زمانے… امریکہ اور
ایران کے تعلقات میں مزید گہرائی اور مضبوطی آئی… مگر مظلوموں کے خون کی فریاد… عرش
پر تڑپتی ہے تو پھر حالات بدلتے دیر نہیں لگتی… گزشتہ کچھ ماہ سے… عجیب کرامت ہوئی…
عراق کی عوام حتیٰ کہ کئی شیعہ گروپوں کی ایران سے مخاصمت چل نکلی… اور یہ معاملہ اس
قدر بڑھا کہ… امریکہ کو مجبور ہونا پڑ گیا اور اس نے پہلی بار ایران کو ایک حقیقی جھٹکا
دے دیا… امریکہ نے جنرل سلیمانی کو… نہ سعودیہ کے کہنے پر مارا ہے نہ اسرائیل کی فرمائش
پر… جنرل سلیمانی تو امریکہ کی ناک تلے سالہا سال سے… کھلم کھلا دندناتا پھر رہا تھا…اُس
کے امریکی فورسز کے ساتھ تعاون کے کئی معاہدے تھے… اگر اس قتل میں… اسرائیل یا سعودیہ
کا کوئی ہاتھ ہوتا تو… یہ واقعہ بہت پہلے ہوچکا ہوتا… یہ تو خالص جہاد کی برکت اور
مظلوم شہداء کے خون کی کرامت ہے کہ… سلیمانی کو خود عراق کے شیعوں نے امریکہ سے قتل
کرایا…
اور اب ایران… صدمے اور حیرت میں سر تا پا غرق ہے… وہ بدلہ نہیں لیتا
تو ساری دنیا میں ناک کٹتی ہے… اور اگر بدلہ لے تو کیسے لے؟… سارا نظام صرف بھونکنے
اور نہ کاٹنے کے فارمولے پر چل رہا تھا… بہر حال ظلم بالآخر… ظالم کی طرف سانپ بن
کر لوٹتا ہے… تکریت، ابو غریب اور بصرہ کی مظلوم مائوں، بہنوں اور بیٹیوں کے آنسو
لگ گئے… اور ظلم ودرندگی کا ایک منحوس دروازہ بند ہوگیا… آگے کیا ہوتا ہے وہ بظاہر
یہی لگتا ہے کہ… اہل ایمان، اہل اسلام کے لئے ان شاء اللہ مزید خیر ہوگی… چونکہ یہ
معاملہ اہم ہونے کے باوجود آپ سب قارئین کے لئے واضح تھا… اس لیے اسے تفصیل سے لکھنے
کی بجائے… میں ’’نغمۂ محبت‘‘ کو بلند کرنے میں لگا ہوں… اور وہ ہے:
جَزَی اللّٰہُ عَنَّا مُحَمَّداًﷺ مَا ھُوَ اَھْلُہُ
اللہ تعالیٰ جب ہم پر احسان فرماتے ہیں… اور ہمارے دل میں واقعی حضرت
آقا محمد مدنیﷺ کی … محبت جاگتی ہے تو ہم… سوچتے ہیں کہ… ہم کیا پیش کریں؟
حضرات صحابہ کرام نے تو… جان ومال سمیت سب کچھ پیش کیا… مگر ہم تو وہ
زمانہ نہ پاسکے… اور ہم اس قابل تھے بھی نہیں کہ وہ زمانہ پاتے… مگر پھر بھی… اللہ
تعالیٰ کا احسان کہ… ہمارے دل پر بھی نور برسا… اور اس میں حضرت آقا محمدمدنیﷺ کی
محبت جاگی تو ہم کیا پیش کریں؟… دین محمدﷺ کے لئے جان، مال اور سب کچھ… اور آپﷺ کی
ذاتِ اطہر کے لئے… زیادہ سے زیادہ صلوٰۃ وسلام… عشق میں ڈوب کر… محبت میں بھیگ کر…
اور اپنی روح کو مدینہ مدینہ سے جوڑ کر… صلوٰۃ وسلام کے اسی ذوق اور نظام میں یہ دعاء
بھی آگئی…
جَزَی اللّٰہُ عَنَّا مُحَمَّداًﷺ بِمَا ھُوَ اَھْلُہُ
ہم نے اللہ تعالیٰ سے… اُن کے حبیب کے لئے مزید عظمت، مزید جزاء… اور
مزید شان مانگی… اللہ تعالیٰ یہ دعاء سنتے ہیں… اور قبول فرماتے ہیں… اور حضرت آقاﷺ
کے درجات میں اضافہ فرماتے ہیں … کیونکہ اللہ تعالیٰ کے ہاں درجات کی نہ کوئی حد نہ
کوئی انتہاء… اب آپ اندازہ لگائیں… روزانہ کتنے مسلمان کتنی بار… صلوٰۃ وسلام اور
یہ دعاء پڑھتے ہیں… اللہ تعالیٰ ہر ایک کی دعاء کو سنتے ہیں… قبول فرماتے ہیں… اور
اس سے حضرت آقاﷺ کی شان، مقام اور عظمت میں مزید اضافہ فرماتے ہیں… دیکھا آپ نے وہ
وعدہ جو سورۃ والضحیٰ میں ہوا ہے
وَ لَلْآخِرَۃُ خَیْرٌ لَکَ مِنَ الْاُوْلٰی
کہ آپ کے لئے… ہر اگلا مرحلہ، ہر اگلا لمحہ… ہر اگلا دن… پچھلے سے بہتر
ہے… سبحان اللہ… وہ وعدہ کس طرح سے پورا ہورہا ہے… پھر بھی… نادان لوگ دشمنوں کی طاقت
دیکھ کر… مایوس ہوتے ہیں کہ… دینِ محمدﷺ کا کیا بنے گا؟… اُمتِ محمدﷺ کا کیا بنے گا؟…
نامِ محمدﷺ کا کیا بنے گا؟… ارے ان کو نہ کوئی مٹا سکا ہے… نہ کوئی مٹا سکے گا اور
قیامت کے دن تو… جھنڈا صرف… محمد عربیﷺ کا ہی چلے گا …
جَزَی اللّٰہُ عَنَّا مُحَمَّداًﷺ بِمَا ھُوَ اَھْلُہُ
یہ نامِ محمد … یہ شان ِمحمد
یہ آنِ محمد … یہ دین ِمحمد
نہ مٹنے کو آئے … نہ یہ مٹ سکیں گے
وہ دیکھو کھڑا مسکراتا ہے کب سے
مدینہ مدینہ … مدینہ مدینہ
لاالہ الا اللہ،لاالہ الا اللہ،لاالہ الا اللہ محمد رسول اللہ
اللہم صل علی سیدنا محمد و علی آلہ و صحبہ وبارک وسلم تسلیماکثیرا
لاالہ الا اللہ محمد رسول اللہ
٭…٭…٭