اَللّٰھُمَّ بَارِکْ لَنَا فِیْ شَعْبَانَ
رنگ و نور ۔۔۔سعدی کے قلم سے (شمارہ 642)
 اللہ تعالیٰ برے خاتمے سے ہم سب کی حفاظت فرمائے… حضرت سید احمد شہیدؒ جب سکھوں کے خلاف جہاد کر رہے تھے تو عین لڑائی کے دوران ایک سکھ، مسلمان ہو کر اسلامی لشکر میں شامل ہو گیا اور شہید ہوا…جبکہ ایک مسلمان مرتد ہو کر سکھوں کے ساتھ جا ملا اور اسی لڑائی میں مردار ہو گیا… ایک خاتون نے اپنا واقعہ لکھا ہے کہ… وہ ایک جگہ’’میت‘‘ کو غسل دینے کے لئے گئی… جس مردہ عورت کو غسل دینا تھا اس کا چہرہ غسل کے دوران کوئلے کی طرح سیاہ ہو گیا… اور اس کے جسم کا گوشت ہاتھ لگانے سے پھٹنے لگا…
یا اللہ رحم… کسی نے بتایا کہ… نماز نہیں پڑھتی تھی اس لئے چہرہ سیاہ ہو گیا… اور جسم کی نمائش کرتی تھی…پردہ نہیں… تو جسم اس طرح پھٹنے لگا…
آج صبح کی نماز میںکتنی مسلمان خواتین بروقت بیدار ہوتی ہیں؟… آج کتنی مسلمان عورتوں کو اپنا جسم اچھی طرح چھپانے کی فکر ہے؟… مسلمان عورت کا باعزت لباس… سیدھا سادہ، ڈھیلا ڈھالا اچھی طرح جسم کو چھپانے والا ہوتا ہے… نہ بے پردہ، نہ تنگ… بس چند دن بعد ہی ہم نے ڈھیلا ڈھالا کفن پہن لینا ہے… یا اللہ!برے خاتمے سے ہم سب کی حفاظت فرما…
مبہم خبر
خبروں کا تو پتا نہیں چلتا کہ کون سی سچی ہے اور کون سی جھوٹی… ویسے اکثر جھوٹی ہوتی ہیں… اور صحافت ایک ’’مافیا‘‘ بن چکی ہے… ایک خبر یہ چل رہی ہے کہ امریکی مخبر ڈاکٹر شکیل آفریدی کو امریکہ کے دباؤ میں آ کر رہا کیا جا رہا ہے… اگر یہ سچ ہے تو بہت خطرناک ہے… اس طرح کے مجرم کو… کسی کے دباؤ میں ہرگز رہا نہیں کرنا چاہیے… اس سے ملکی سلامتی اور وقار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے … اور آئندہ بہت سے لوگ دشمنوں کے ایجنٹ بن جاتے ہیں… دوسری خبر یہ چل رہی ہے کہ… ڈاکٹر شکیل آفریدی کی رہائی کے بدلے امریکی حکومت نے بہن جی ڈاکٹر عافیہ صدیقی حفظہا اللہ تعالیٰ کی رہائی کی پیشکش کی ہے… اگر ایسا ہے تو حکومت کو چاہیے کہ فوری طور پریہ پیشکش قبول کر لے… اس سے ملک کے وقار میں اضافہ ہو گا… اور امت مسلمہ کو اجتماعی ، روحانی خوشی اور فتح نصیب ہو گی…
امریکہ کے لئے پاکستان میں مخبروں کی کمی نہیں ہے… یہاں بے شمار ڈاکٹر شکیل اور حسین حقانی موجود ہیں… بلکہ یہاں تو ایسا طبقہ بھی موجود ہے جو امریکہ کا خود امریکیوںسے زیادہ وفادار ہے… اس لئے ڈاکٹر شکیل کے امریکہ جانے سے کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا … کیونکہ اس صورت میں اسے امریکہ کے دباؤ میں نہیں… بلکہ ایک محترم پاکستانی شہری ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بدلے رہا کیا جائے گا… اللہ کرے ایسی کوئی خیر کی صورت جلد وجود میں آ جائے…
حضرت شاہ صاحب کا تحفہ
رزق کے معاملے میں بہت سے مسلمان پریشان رہتے ہیں… اللہ تعالیٰ ہر مسلمان کو رزق حلال باکفایت عطاء فرمائے…رزق اور مال کے بارے میں شیطان ہمیشہ انسان کو بے چین اور غیر مطمئن رکھتا ہے… اور یہ بے چینی کسی انسان کے انجام اور خاتمے کو خراب کر دیتی ہے… ہر وقت اللہ تعالیٰ سے شکوہ… ہر وقت اللہ تعالیٰ سے نارض اور روٹھے روٹھے… کہ فلاں کو اتنا دیا ہمیں کیوں نہیں دیا… استغفر اللہ ، استغفر اللہ… فلاں کے پاس کئی کئی کوٹھیاں اور میرے پاس سرچھپانے کا گھر بھی نہیں؟ … فلاں کے پاس اتنے پیسے اور میرے پاس کچھ بھی نہیں… وغیرہ وغیرہ… یہ صورتحال خطرناک ہے… اللہ تعالیٰ مجھے اور آپ سب کو قناعت اور اطمینان عطاء فرمائے… قناعت اور اطمینان ہو تو انسان کا خاتمہ اچھا ہوتا ہے… کیونکہ وہ اللہ تعالیٰ سے خوش اور مطمئن ہوتا ہے … بہرحال رزق کی تنگی اگر کسی کو لاحق ہو تو اللہ تعالیٰ سے شکوہ نہ کرے بلکہ اپنے حالات پر غور کرے… ہمارے بہت سے اعمال اور بہت سے گناہ ایسے ہیں جن کی نحوست… رزق کی برکت کو ختم کر دیتی ہے…
ہم اگر حسد چھوڑ دیں تو رزق میں برکت آ جاتی ہے… ہم غیبت چھوڑ دیں تو رزق میں برکت آ جاتی ہے… ہم دوسروں کے مال سے اپنی نظر ہٹا لیں تو رزق میں برکت ہو جاتی ہے… ہم خیانت چھوڑ دیں تو رزق میں اضافہ ہو جاتا ہے… ہم اپنے موجودہ رزق پر شکر ادا کریں تو ہمارا رزق بڑھ جاتا ہے… ہم اپنی آمدن کا کم از کم پانچ فی صد جہاد اور مسلمانوں کی مدد پر لگائیں تو ہمارے مال میں بہت اضافہ ہو جاتا ہے… ہم اگر رزق ضائع کرنا چھوڑ دیں تو رزق میں برکت آ جاتی ہے… ہم اگر نماز کا ہمیشہ وقت پر اہتمام کریں اور ایک نماز بھی قضا نہ کریں تو رزق میں برکت آ جاتی ہے… ہم اگر ’’ سبحان اللہ وبحمدہ‘‘ کو اپنا مستقل وظیفہ بنا لیں… مثلاً ہر نماز کے بعد ایک سو مرتبہ تو ہمارے رزق کی تنگی دور ہو جاتی ہے…ہم اگر عزم کر لیں کہ اللہ تعالیٰ کے سوا کبھی کسی سے نہیں مانگیں گے تو ہمارے رزق میں بہت برکت آ جاتی ہے…ہم اگر اپنے جسم ، اپنے لباس، اپنے بستر اور اپنے گھر کو اچھی طرح پاک رکھیں تو ہمارے رزق میں برکت آ جاتی ہے… ہم اگر فجر اور عصر کے بعد اللہ تعالیٰ کے ذکر میں ڈوب جائیں تو ہمیں رزق کے بارے میں بے فکری نصیب ہو جاتی ہے…
بہرحال رزق کا معاملہ بہت اہم ہے… اس کا ہماری زندگی سے اور پھر ہمارے ’’خاتمے‘‘ سے گہرا تعلق ہے… اللہ تعالیٰ ہم سب کے رزق کا معاملہ خالص اپنی رضا کے مطابق بنا دے… حضرت شاہ عبد العزیز محدث دہلویؒ نے رزق میں برکت اور فراخی کے لئے دو مفید اور مجرب وظائف لکھے ہیں… شعبان کا برکت والا مہینہ چل رہا ہے… اللہ تعالیٰ ہم سب کو شعبان کی برکت عطاء فرمائے…
اَللّٰھُمَّ بَارِکْ لَنَا فِیْ شَعْبَانَ وَبَلِّغْنَا رَمَضَانَ
وہ مسلمان جو رزق کی پریشانی میں ہیں وہ… اللہ تعالیٰ پر کامل یقین رکھتے ہوئے یہ دونوں وظائف… یا ان میں سے ایک کو اپنے عمل میں لے آئیں…
ان شاء اللہ بہت خیر ہو جائے گی…
(۱) حضرت شاہ صاحب لکھتے ہیں:
بوقت چاشت چار رکعت نماز پڑھیں اور نماز سے فارغ ہونے کے بعد سجدہ کریں اور سجدہ میں ایک سو چار مرتبہ ’’یَا وَھَّابُ‘‘ پڑھیں… اور اگر فرصت نہ ہو تو صرف پچاس بار پڑھیں…
(۲)مغرب کے بعد ایک بار سورہ واقعہ پڑھیں… پھر عشاء کے بعد بھی ایک بار سورہ واقعہ پڑھیں اور اکیس بار سورہ مزمل پڑھیں… ( فتاویٰ عزیزی)
بے شک یہ دونوں وظائف بہت نافع اور مجرب ہیں… اور چند بار کرنے سے ہی کام بن جاتا ہے ان شاء اللہ
لا الہ الا اللّٰہ،لا الہ الا اللّٰہ،لا الہ الا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ
اللہم صل علی سیدنا محمد والہ وصحبہ وبارک وسلم تسلیما کثیرا کثیرا
لا الہ الا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ
٭…٭…٭