اُٹھاتا ہے مؤمن
مدینہ …مدینہ
اللہ تعالیٰ … مجھے اور آپ سب کو… ’’مسیح دجال ‘‘ کے فتنہ سے… اپنی محفوظ پناہ عطاء فرمائیں
مدینہ مدینہ ‘‘ میں نہ ’’ دجال ‘‘ داخل ہو سکے گا… اور نہ اس کا رعب… سبحان اللہ ! ’’مدینہ مدینہ‘‘ جب سے ’’دارالایمان ‘‘ بنا… اس پر ’’کوئی‘‘ کافر قبضہ نہیں کر سکا… اور جب کفر … اپنی طاقت… مالداری اور ٹیکنالوجی کے عروج پر پہنچ جائے گا… اور ’’مسیح دجال ‘‘ نکل آئے گا تو ’’مدینہ مدینہ ‘‘ تب بھی محفوظ رہے گا…دجال کی بھرکوشش ہو گی کہ … کسی طرح وہ ’’مدینہ مدینہ‘‘ پر قبضہ کر لے… مگر وہ قریب پہنچ کر ناکام واپس لوٹے گا… اور ’’مدینہ مدینہ‘‘ کا ایک ’’مرد مجاہد‘‘ اسے سر عام ذلیل و رسوا کر دے گا… اس کے بعد دجال ملک شام ( فلسطین ) روانہ ہو گا… اور وہیں مارا جائے گا… اے مسلمانو! غامدیوں سے بچو… وہ جو مال کو کامیابی مانتے ہیں… وہ جو ٹیکنالوجی کو کامیابی مانتے ہیں… اور زمانے کے چھوٹے چھوٹے دجالوں کے آگے… امت محمدﷺ کو جھکنے کی دعوت دیتے ہیں… یہ منحوس سوچ صرف ’’ غامدی ‘‘ کی نہیں… بہت سے ’’دنیا پرست‘‘ افراد کی ہے… ہم تعارف کے لئے اسے غامدی سوچ کہہ دیتے ہیں… آخر یہ لوگ دجال کے سامنے کیا کریں گے؟ …وہ تو مُردوں کو بھی زندہ کرے گا… میڈیکل سائنس کی یہ ترقی صرف اسی کے زمانے میں ہو گی… اور اس کا مطالبہ ہو گا کہ… اسے مانا جائے… غامدی سوچ والے تو شاید اس کے مطالبے کا بھی انتظار نہیں کریں گے… یا اللہ! اِیمان کی حفاظت
ارے ’’مدینہ مدینہ ‘‘ سے جڑو… اپنے دلوں کو ’’دارالایمان  ‘‘ بناؤ…مال ، عہدے اور ٹیکنالوجی کو حقیقی کامیابی نہ سمجھو… ترقی نہ سمجھو… بلکہ ’’مدینہ مدینہ ‘‘ کے طریقے پر چل کر… خود ترقی کرو… حقیقی ترقی… عالی شان ترقی… جب روم و فارس کے خزانے ’’مدینہ مدینہ ‘‘ میں تقسیم ہوتے تھے… دل سے کہہ دو!
ہے رہبر ہمارا … مدینہ مدینہ
حفاظت ہماری … مدینہ مدینہ
حضرت آقا مدنی ﷺ نے فرمایا :
لا یدخل المدینۃَ رعبُ المسیح الدجال
’’مدینہ مدینہ ‘‘ میں دجال کا رعب داخل نہیں ہو سکے گا ( صحیح بخاری )
ساتھ یہ بھی ارشاد فرما دیا کہ… اس وقت مدینہ منورہ کے سات دروازے ہوں گے اور ہر دروازے پر دو فرشتوں کا پہرہ ہوگا
کوئی آج کل کا نقشہ دیکھے کہ… مدینہ منورہ کو کتنے راستے داخل ہوتے ہیں… بہرحال اس زمانے میں سات راستے، سات مدخل، سات دروازے ہوں گے…یہ پکی بات ہے… اللہ تعالیٰ کے چودہ طاقتور زور آور فرشتے ان دروازوں پر مقرر ہوں گے… یہاں سوچنے کی بات یہ ہے کہ… دجال کا رعب بھی مدینہ منورہ میں داخل نہیں ہو سکے گا… حالانکہ اس وقت اس کے رعب اور دہشت کے سامنے دنیا سجدے میں گری ہوئی ہو گی… دجال کی طاقت کوئی معمولی طاقت نہیں ہو گی… وہ ہاتھ کے اشارے سے ایسے کام کرے گا جو… آج ہزاروں مشینیں مل کر نہیں کر سکتیں… آج کا کفر بھی کافی سخت ہے… ٹرمپ، مودی ، نیتن یاہو جیسے بد معاش قاتل… مگر یہ اپنے ہر دشمن اور مخالف کو قتل نہیں کر سکتے… جبکہ دجال تو اپنے ہر منکر اور ہر مخالف کو قتل کر کے… آنکھوں سے نظر آنے والی جہنم میں پھینک دے گا… ایسا شخص جو انگلی کے اشارے سے بارش برساتا ہو… ہاتھ کے اشارے سے لشکروں کو الٹ دیتا ہو… ہزاروں لاکھوں افراد کو مار کر آگ میں پھینک دیتا ہو… جس کے مقابلے کی تاب کسی میں نہ ہو… ایسے شخص کا رعب کتنا زیادہ ہو گا؟
آج مسلم امہ کے حکمران … امریکہ وغیرہ کے تھوڑے سے رُعب میں دَب کر اپنے مسلمان بھائیوں کو قتل کرتے ہیں… اور اسلام کے خلاف فیصلے کرتے ہیں… حالانکہ امریکہ آج اس بھری دنیا میں تیسری بڑی شکست کھا رہا ہے… جبکہ دجال نے تو شکست کا منہ ہی نہیں دیکھا ہو گا… اور اس کی بے رحم یلغار کے سامنے کوئی ٹک نہیں سکے گا… جو ٹکے گا وہ مارا جائے گا… ایسے خوفناک ، دہشتناک حالات میں بھی… دجال کا رعب ’’مدینہ مدینہ‘‘ میں داخل نہیں ہو سکے گا… وجہ یہ ہے کہ… رعب ان پر اثر کرتا ہے… جو مال کو کامیابی سمجھتے ہوں… رعب ان پر اثر کرتا ہے جو مرنے سے ڈرتے ہوں… رعب ان کو دباتا ہے جو ٹیکنالوجی کو خدا سمجھنے لگتے ہوں… ایک مومن جو ہر وقت اللہ تعالیٰ سے ملاقات کے لئے تیار ہو… اور اس کے نزدیک کامیابی کا معیار… ’’مدینہ مدینہ ‘‘ کے چودہ سو سال پہلے والے گیارہ حجرے ہوں…تو اس پر کس کا رُعب؟ اور کیسا رُعب ؟
ہے عزت ہماری، مدینہ مدینہ
حفاظت ہماری، مدینہ مدینہ
اُٹھاتا ہے مومن، مدینہ مدینہ
’’مدینہ مدینہ‘‘ ہمیشہ ایسے مؤمن اٹھاتا ہے جو… ایمان کی آبرو اور ایمان کی علامت بن جاتے ہیں… اسی لیے مسلمانوں سے درمندانہ گزارش ہے کہ… ’’مدینہ مدینہ‘‘ کی سچی داستانیں ضرور پڑھا کریں… ناول، کہانیاں اور ڈرامے وقت برباد کرتے ہیں… اخلاق اور اعمال خراب کرتے ہیں… جبکہ ’’مدینہ مدینہ‘‘ کی کہانیاں، قصے انسان کو ایمان اور کامیابی کے راستے پر لے جاتے ہیں… اور اُس کے اخلاق وجذبات تک کی اصلاح کرتے ہیں… اللہ تعالیٰ توفیق عطاء فرمائے کم از کم یہ دو کتابیں تو اپنے ساتھ رکھ لیں… اور روز ان کو تھوڑا تھوڑا پڑھ کر مکمل کریں… (۱) سیرت المصطفیٰﷺ (حضرت مولانا ادریس کاندھلویؒ) (۲) حیات الصحابہ (حضرت مولانا محمد یوسف کاندھلویؒ) سہارنپور کا ’’کاندھلہ‘‘ بھی خوش نصیب نکلا… ’’مدینہ مدینہ‘‘ سے ایسا جڑا کہ ’’مدینہ مدینہ‘‘ میں جا بسا… لمبی داستان ہے… اسے چھوڑتے ہیں
دعاء کرتے ہیں کہ… ہندوستان کے تمام مسلمانوں کو… کفرو شرک کی حکومت سے… اللہ تعالیٰ آزادی عطاء فرمائیں… کشمیر وافغانستان کے حالات اب ایسے  رخ پر جاپہنچے ہیں کہ… اُمید پھر زندہ ہوگئی ہے… سیرت المصطفیٰﷺ اور حیات الصحابہ پر… ہندوستان میں بھی اللہ کرے عمل شروع ہوجائے… غلامی کو اپنا دائمی مقدر سمجھنے والے مفکرین اور دانشوروں سے گزارش ہے کہ… دین کو نہ بدلیں… تھوڑا سا اور صبر کرلیں… ’’مدینہ مدینہ‘‘ کا نور… ان شاء اللہ چمکے گا… ’’مدینہ مدینہ‘‘ کی گود میں کیسے کیسے اہل ایمان پلتے ہیں… کچھ تو ’’مدینہ مدینہ‘‘ میں رہتے ہوئے… اور بہت سے دور دور رِہ کر… ’’مدینہ مدینہ‘‘ سے فیض پاکر… لیجئے بخاری شریف سے ایک مردِ اِیمان… مردِ مدینہ مدینہ کا مختصر قصہ پڑھیں
حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ… ہمیں رسول اللہﷺ نے دجال کے متعلق ایک لمبی حدیث بیان فرمائی… اس میں آپﷺ نے یہ بھی ارشاد فرمایا!
دجال مدینہ (کے قریب) ایک کھاری شور زمین تک پہنچے گا… اس پر مدینہ میں داخل ہونا حرام ہوگا… اس دن(مدینہ سے) ایک شخص اس کی طرف نکلے گا… وہ شخص لوگوں میںبہترین شخص ہوگا (یا فرمایا کہ) بہترین لوگوں میں سے ہوگا… وہ شخص کہے گا! میں گواہی دیتا ہوں کہ تو ہی دجال ہے جس کے متعلق ہمیں رسول اللہﷺ نے اطلاع دی تھی… دجال کہے گا (اے لوگو) کیا میں اسے قتل کرکے پھر زندہ کر ڈالوں تو تم لوگوں کو میرے معاملہ میں کوئی شبہ رہ جائے گا؟ اُس کے حواری کہیں گے نہیں… چنانچہ دجال اس شخص کو قتل کرکے پھر زندہ کردے گا… جب دجال اُسے زندہ کرے گا تو وہ شخص کہے گا… اللہ کی قسم! اب تو مجھ کو اچھی طرح معلوم ہوگیا کہ تو ہی دجال ہے… دجال کہے گا (لائو) اسے پھر قتل کردوں لیکن اس مرتبہ وہ اُس شخص پر قابو نہ پاسکے گا۔ (صحیح بخاری)
یہ سچا قصہ ہے… مستقبل کا قصہ… یہ ضرور ہوگا… اور یہ پہلے سے اس لیے سنادیا گیا تاکہ… ہم مایوسی اور کم ہمتی کے گناہ سے بچ جائیں… کافروں کے تھوڑے سے غلبے… اور اپنی تھوڑی سی شکست پر… جو مایوسی ہمیں گھیر لیتی ہے… اور نعوذ باللہ ہمیں…اللہ تعالیٰ کے وعدوں پر بھی شک ہونے لگتا ہے… جہاد کی حقانیت پر بھی شک ہونے لگتا ہے… تو ہمیں اس قصے پر غور کرنا چاہیے… دجال اپنے کفر اور طاقت کے ساتھ… دنیا کو روندتا ہوا اُن… کے دروازے پر کھڑا ہے… مگر پھر بھی… اس کے منہ پر کہہ رہے ہیں کہ… تو جھوٹا ہے تو محض فریب ہے… تو دجال ہے… کافر ہے… پھر وہ قتل کردیتا ہے اور زندہ کردیتا ہے تو بھی… ایمان اور عقیدے پر کوئی فرق نہیں پڑتا بلکہ… ایمان اور مضبوط ہوجاتا ہے… اے! مایوسی اور بددلی کی غار میں گرنے والو… ایمان، عزیمت اور اُمید پر واپس آجائو
سکھاتا ہے ایمان…مدینہ مدینہ
اُٹھاتا ہے مؤمن…مدینہ مدینہ
لا الہ الا اللّٰہ، لا الہ الا اللّٰہ ،لا الہ الا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ
اللہم صل علی سیدنا محمد والہ وصحبہ وبارک وسلم تسلیما کثیرا کثیرا
لا الہ الا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ
٭…٭…٭